لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ودیگر ملزمان کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مالی کرپشن کے ریفرنس میں شریک ملزم سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد جبکہ چودھری پرویز الہی پر فرد جرم کیلئے سات جنوری کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے کیس کی سماعت کی۔ جمعہ کو سماعت پر چودھری پرویزالہی ایک بار پھر عدالت پیش نہ ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز الہی کیوں پیش نہیں ہوئے؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ پرویز الہی کل شام باتھ روم میں پھسل کر گر گئے تھے
ان کی کمر اور ٹخنے پر چوٹ آئی ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ فرد جرم سے بچنے کے لئے ہر تاریخ پر میڈیکل پیش کر دیتے ہیں جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا جو ملزم موجود ہیں ان پر فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے؟ پرویز الہی پر پھر کسی دن فرد جرم عائد کر دیں گے۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر الگ الگ فردجرم عائد ہو سکتی ہے جس پر شریک ملزم محمد خان بھٹی کے وکیل نے پراسیکیوشن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان پر الگ الگ فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔سابق وزیراعلی کے وکیل نے کہا کہ پرویز الہی مرکزی ملزم ہیں، انکی عدم موجودگی میں دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی، پرویز الہی کے علاوہ دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنا غیر قانونی ہے
پرویز الہی کا پلیڈر مقرر کر دیں تو اس پر چارج فریم ہو سکتا ہے، مہلت دیں آج کارروائی ملتوی کریں۔ عدالت نے سماعت سات جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی کی عدم پیشی پر ان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی آئندہ سماعت تک موخر کردی ۔