27.7 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومعلاقائی خبریںاحتساب عدالت سے سزایافتہ قیدی بشری بی بی کو جیل میں سہولیات...

احتساب عدالت سے سزایافتہ قیدی بشری بی بی کو جیل میں سہولیات میسر ہیں،اسلام آبادہائیکورٹ

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے بشری بی بی اڈیالہ جیل میں بہترسہولیات سے متعلق درخواست میں جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ عدالت جمع کراتے ہوئے عدالت کو بتایاکہ احتساب عدالت سے سزایافتہ قیدی بشری بی بی کو جیل میں سہولیات میسر ہیں،انہیں جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں چہل قدمی کی بھی گنجائش ہے۔ اہل خانہ، دوستوں اور وکلا سے بغیر کسی رکاوٹ ملاقات کرائی جا رہی ہے۔منگل کو سماعت کے دوران بشری بی بی کے وکلاء چودھری ظہیر عباس، عثمان ریاض گل اور دیگر عدالت پیش ہوئے، ایڈووکیٹ جنرل آفس نے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ عدالت پیش کی جس میں بتایاگیا کہ بشری بی بی کی اہل خانہ، دوستوں اور وکلا سے بغیر کسی رکاوٹ ملاقات کرائی جا رہی ہے،

انہیں جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں چہل قدمی کی بھی گنجائش ہے،خاتون میڈیکل ایگزامنر دن میں 2 بار بشری بی بی کو طبی معائنہ کرتی ہے، بشری بی بی کو میٹرس ، کرسی ٹیبل اور کتابوں کی الماری بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ کمرے میں لائٹ اور پنکھا موجود ہے، موسم گرما میں روم کولر فراہم کیا گیا ہے اور ایل سی ڈی کی سہولت بھی میسر ہے،رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بشری بی بی کو جیل میں علیحدہ کچن کی صورت میں کوکنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے،بشری بی بی کے کھانے کا پہلے میڈیکل آفیسر معائنہ کرتا ہے، بشری بی بی کو کموڈ، واش بیسن اور باتھ شاور کے لیے الگ روم دیا گیا ہے،بہتر سہولیات کے حقدار ملزمان ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے زریعے بہتر سہولیات حاصل کرسکتے ہیں

- Advertisement -

عدالت نے رپورٹ کی کاپی درخواست گزار کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدائت کرتے ہوئےکہاکہ آپ رپورٹ دیکھ کر آئندہ سماعت پر اپنا موقف پیش کریں،کیس کی آئندہ تاریخ سماعت رجسٹرار آفس کی جانب سے مقرر کی جائے گی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589884

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں