
اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کا عمل جاری ہے اور رکنے والا نہیں’ جن لوگوں نے بے نامی جائیدادیں بنائیں ان سے تحقیقات کی جائیںگی’ خورشید شاہ کو آمدن سے زیادہ اثاثوں کی وجہ سے گرفتار کیا گیا’ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر دوست ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ بے نامی جائیدادیں بنائیں گے وہ گرفتار تو ہوں گے۔ خورشید شاہ سیاست میں آنے سے پہلے واپڈا کے میٹر ریڈر تھے ان کے پاس اتنی جائیدادیں اور پیسہ کیسے بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کو نیب قوانین کے مطابق گرفتار کیا گیا ان کے اثاثے آمدن سے زیادہ ہیں جبکہ بے نامی جائیدادیں بہت سے سیاستدانوں کی پکڑی گئی ہیں اس لئے جو کچھ ہو رہا ہے وہ قانون کے مطابق کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری پر اپوزیشن کو خائف ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان لوگوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا جبکہ اداروں کی تباہی کے ذمہ دار بھی یہی لوگ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور مسئلہ کشمیر پر دوست ممالک کی حمایت اور تعاون درکار ہے اس حوالے سے فضا کو سازگار بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ بہت اہم ہے۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب کریں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری پر حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ احتساب کا عمل مزید تیز ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے زینب بل کو جلد منظور کرلیا جائے گا اس حوالے سے وفاقی وزیر انسانی حقوق کوششیں کر رہی ہیں۔