اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):احتشام کیانی نے سنوکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ سنوکر ٹورنامنٹ سنوکر ٹورنامنٹ کے فائنل میں احتشام کیانی نے شاندنار کھیل پیش کرتے ہوئے آصف ملک کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی ممتاز حریت رہنما الطاف احمدبٹ تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
احتشام کیانی کو وننگ ٹرافی کے علاوہ بیس ہزار روپے نقد انعام دیا گیا جبکہ آصف ملک کو رنر اپ ٹرافی اور دس ہزارروپے نقداور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا میڈل کا انعام ملا، سینئر فوٹو جرنلسٹ عارف شیخ کی طرف سے ونر احتشام کیانی کو خوبصورت اور قیمتی گھڑی جبکہ رنر اپ آصف کیانی کو تین ہزار نقد انعام الگ سے دیا گیا، ٹورنامنٹ میں 28 پلیئرز نے حصہ لیا، اس موقع پر حریت رہنما الطاف احمدبٹ نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے،
مصروفیت کے اس دور میں اس طرح کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں، انہوں نے انڈور گیمز کے علاوہ آؤٹ ڈور گیمز کرانے کی بھی تجویز پیش کی، الطاف بٹ کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر جب پاکستان کا حصہ بنے گا تو سارے پانی پاکستان کے ہونگے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھارت کے خلاف تاریخی فتح دی ہے،ہمارے دشمن نے جو خواب دیکھے تھے وہ سارے چکنا چور ہو گئے، عسکری برتری کے ساتھ سیاسی برتری مسلمانوں کے لیے بہت بڑی فتح ہے،پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کےمدبرانہ فیصلوں سے سفارتی سطح پر بھی ہم نے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا لیا،،پاکستان کے میڈیا نے بھی اس میں اپنا کردار ادا کیا،پوری قوم کو تاریخی فتح پر ایک بار پھر مبارک دیتا ہوں،
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دور میں کھیلوں کی سرگرمیاں اہمیت رکھتی ہیں،اس طرح کی سرگرمیوں کو جاری رکھیں،اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری این پی سی شیراز گردیزی نےمہمانوں کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این پی سی اپنے ممبران کی صحت و تفریح کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے،
صحافی اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی وجہ سے تفریح سے محروم رہتے ہیں ،اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے این پی سی گاہے بگاہے اس طرح کی سرگرمیاں ترتیب دیتا رہتا ہے تاکہ اپنے ممبران کو تفریح کیساتھ انکے لئے خوشیوں بھرے لمحات پیدا کر سکے، اس موقع پرٹورنامنٹ کمیٹی کے ممبران سید ناظم نقوی، طارق قریشی اور ساجد محمود کو بھی میڈلز پہنائے گئے، اس موقع پر این پی سی کے سابق سیکرٹری فنانس صغیر چوہدری،سینئر صحافیوں زوریز آغا ،عارف شیخ سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601256