احتیاطی تدابیر اختیار کر کے آشوب چشم سے بچا جاسکتا ہے، سکندر حیات وڑائچ

350
آشوب چشم

سرگودھا ۔20ستمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سرگودھا کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ آشوب چشم ایک وائرس کے ذریعے پھیلنے والی وبا ہے جو گرم اور مرطوب موسم میں سانس اور آنکھ کی رطوبتوں کے ذریعے پھیلتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کی علامات میں بخار،گلے میں سوزش،سرخ اور سوجے ہوئے پپوٹے‘،آنکھ میں سرخی/ شدید درد، آنکھ میں جلن، چبھن، پانی آنا اور ناک کا بہنا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر سے ہی ہم اس پر قابو پا سکتے ہیں، آنکھوں کو بلاوجہ مت چھوئیں، باقاعدگی سے صابن سے ہاتھ دھوئیں ، باہر نکلتے وقت عینک کا استعمال کریں۔ اس پر عمل کرنے سے ہی ہم اس وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔