اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی موجودگی میں تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن اور اسٹیک ہولڈرز کے مابین ایک منعقدہ اجلاس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کا مقصدمستقبل میں احساس اسٹریٹ ہاکرز کیلئے باہمی تعاون کے فریم ورک کا قیام تھا ۔ میمورنڈم کی شرائط کے مطابق مزدور کا احساس پروگرام کے تحت احساس اسٹریٹ ہاکرز انیشی ایٹو کے ڈیزائن پر عمل پیرا ہونے کیلئے احساس نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے)، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن (آئی سی ٹی اے)، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پی آئی ڈی ای) کیساتھ اشتراک کیا ہے ۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد اسٹریٹ وینڈنگ کیلئے ایکوسسٹم کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہے ۔
ایک اندازے کے مطابق اسلام آباد میں 20000کے قریب اسٹریٹ وینڈرز کام کر رہے ہیں ، جو سالانہ 9.6 بلین روپے تک آمدنی کمارہے ہیں ۔ وزیر اعظم کے ریاست مدینہ کے ماڈل پر مبنی فلاحی ریاست کے وژن کے مطابق احساس اسٹریٹ وینڈرز کیساتھ تعاون کیلئے کوشاں ہے ۔ اس سلسلے میں پی اے ایس ایس ڈی ، شہر کے حکام اور تحقیقی اداروں کیساتھ مل کر اسٹریٹ وینڈنگ کو زیادہ پائیدار انداز میں منظم کرنے کیلئے تعاون کررہا ہے ۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار حکومت اسٹریٹ وینڈرز کیلئے اقدام میں پہل کررہی ہے ۔ ہم ایک مشکل پالیسی کے حل کیلئے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے اسٹریٹ وینڈرز مقامی معیشت کا لازمی جزو ہیں اور پاکستان جیسے ملک میں ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
مفاہمتی یاداشت اس حوالے سے حکمت اور مربوط نقطہ نظر کو یقینی بنانے میں مثبت کردار ادا کرے گی ۔مفاہمتی یادداشت پر سیکرٹری پی اے ایس ایس ڈی محمد علی شہزادہ، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی سیدہ شفق ہاشمی اور وائس چانسلر پی آئی ڈی ای نعیم الحق نے دستخط کئے ۔ سیکرٹری محمد علی شہزادہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ احساس باہمی تعاون کیساتھ اسٹیک ہولڈرز کے ہمراہ مل کر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔
سیکرٹری پی اے ایس ایس ڈی محمد علی شہزادہ نے کہا کہ اسٹریٹ وینڈنگ کو بہتر بنانے کیلئے احساس میں ایک وینڈر سپورٹ گروپ قائم کیا جائیگا ۔ اسلام آباد میں پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے شہر کے دیگر علاقوں اور ملک بھر میں ممکنہ طور پر وسعت دی جاسکتی ہے ۔
چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کہا کہ حکومت کو تخفیف غربت کی کوششوں میں اسٹریٹ وینڈرز کی اہمیت کا احساس ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی سیدہ شفق ہاشمی کو اسٹریٹ اکانومی یونٹ کے قیام اور اسٹریٹ وینڈرز منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر پی آئی ڈی ای کی جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر در نایاب نے بھی خطاب کیا ۔اسٹریٹ وینڈرز انیشی ایٹو کے فوکل پرسن ضیاء بانڈے نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ اس ملٹی اسٹیک ہولڈرز معاہدے کو اسٹریٹ ہاکرز کی حمایت کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے