اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام سے کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے اور مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔ منگل کو قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تاریخی احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام سے غریب گھرانوں …
احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام سے غریب گھرانوں کے قابل بچوں اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی، وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی
اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام سے کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے اور مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔ منگل کو قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تاریخی احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام سے غریب گھرانوں کے قابل بچوں اور مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا پروگرام ہے جو ضرورت کی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت شروع کئے گئے دیگر پروگراموں میں انڈر گریجویٹ سکالر شپ کا پروگرام سب سے بہترین پروگرام ہے جس سے انسانی وسائل کے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انسانی وسائل کے شعبہ کی ترقی پر سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے آغاز سے کوئی بھی طالب علم مالی مشکلات کی وجہ سے اپنی تعلیم ادھوری نہیں چھوڑے گا اور بالخصوص کم آمدنی والے اور غریب والدین کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر محمد علی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت ہر سال کم از کم 50 ہزار وظائف دیئے جائیں گے جبکہ 50 فیصد وظائف طالبات کو دیئے جائیں گے جو اس پروگرام کی نمایاں خصوصیت ہے۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے اس حوالے سے کہا کہ احساس انڈر گریجویٹ پروگرام موجودہ حکومت کا ایک انتہائی اہم اقدام ہے جس سے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔









