اسلام آباد ۔ 24 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحقین کوادائیگی ایک مربوط نظام کے تحت جاری ہے۔احساس پروگرام میں اگرکسی ذمہ دار کے خلاف شکایت موصول ہوئیں تو اس کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی کیونکہ سماجی تحفظ کے اس پروگرام میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ضلع صوابی میں ادائیگی مراکز کے دورہ کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کاوژن ہے کہ پسماندہ طبقے کواوپرلایاجائے اورانہیں سہولیات فراہم کی جائیں اسی سلسلہ میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا اجراء کیا گیا۔ ڈاکٹرثانیہ نشترنے کہاہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحقین کوادائیگی ایک مربوط نظام کے تحت کی جارہی ہے۔ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو شفاف انداز میں چلایا جا رہا ہے۔ اگرکسی نے مستحق کاحق چھیننے کی کوشش کی تواس کی خلاف ایف آئی آردرج کرکے قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔جن مستحق افراد کوایک دفعہ بذریعہ موبائل فون پیغام بھیجا اورانہوں نے اپنے پیسے وصول نہیں کئے ان کودوبارہ میسج بھیجے گئے ہیں تاکہ انہیں اپنا حق مل سکے۔انہوں نے کہاکہ چھوٹا لاہورضلع صوابی میں 90فیصد ادائیگی ہوچکی ہے تاہم اگرکسی مستحق نے پہلے موبائل پیغام کے بعدانتظامیہ سے رابطہ نہیں کیاتو ایسے مستحقین کودوبارہ موبائل پیغام بھیجے گئے ہیں جن کے بعد ادائیگی جاری ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے چھوٹا لاہورضلع صوابی میں احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں رقوم تقسیم کرنے والے مراکز کا دورہ کیا اور وہاں موجود مستحقین کے مسائل سنے اوران کے حل کے لئے فوری طور پر احکامات جاری کئے۔اس موقع پراحساس ایمرجنسی پروگرام ضلع صوابی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرسجاد علی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشرنے احساس ایمرجنسی پروگرام کے متعلقہ افسران واہلکاروں کوہدایات دیتے ہوئے کہاکہ مستحق افرادکو تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔مستحقین کوقسم کی مشکلات کاسامنا نہیں ہوناچاہئے اورنہ ہی رقم کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت کی جائے گی۔