اسلام آباد ۔ 18 جون (اے پی پی) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت کیٹگری 2 اور3 میں اب تک صوبائی و علاقائی لحاظ سے1 کروڑ 6 لاکھ 1 ہزار سے زائد افراد میں 129 ارب51 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ احساس پروگرام کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں 31 لاکھ70 ہزار سے زائد افراد میں 38 ارب 25 کروڑ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔صوبہ پنجاب میں 46 لاکھ 67 ہزار افراد میں 56 ارب 58 کروڑ سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔خیبر پختونخوا میں 19 لاکھ 99 ہزار افراد میں 24 ارب 26 کروڑ،بلوچستان میں 5 لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد میں 6 ارب 55 کروڑ سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ آزاد جموں وکشمیر میں 1 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد میں 2 ارب 22 کروڑ سے زائد رقم ،گلگت بلتستان میں 78 ہزار سے زائد افراد میں 95 کروڑ سے زائد رقم اور اسلام آباد میں 55 ہزار سے زائد افراد میں 67 کروڑ سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔صوبوں کو آبادی کے حساب سے حصہ دیا گیا۔وزیر اعظم کی ہدایت پر کیٹگری 4 اور 5 میں تمام مستحق افراد میں وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ سے رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔اس غیر سیاسی فیصلے سے صوبہ سندھ کے ایک بڑی تعداد احساس پروگرام سے مستفید ہوگی۔وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کے تحت موصول شدہ درخواستوں کے تناسب سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت سندھ کا حصہ 22.45 فیصد سے بڑھ کر 31 فیصد کردیا گیا ہے۔جس کے باعث اب سندھ کے لئے 60 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے صوبہ بھر میں 50 لاکھ سے زائد مستحق خاندان احساس امداد حاصل کرسکیں گے جبکہ صوبہ پنجاب کا حصہ 51.57 فیصد سے کم کرکے 43.27 فیصد کردیا گیا ہے۔کیٹگری 4 کے تحت ہونے والی ادائیگیوں کی براہ راست تفصیلات احساس ایمرجنسی کیش ویب پورٹل پر دستیاب ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں احساس ایمرجنسی کیش ادائیگی مرکز کا دورہ کیا۔انتظامات کا جائزہ لیا اور امدادی رقم کی وصولی کےلئے آئے ہوئے اہل محنت کش افراد سے بھی ملاقات کی۔