اسلام آباد ۔ 11اپریل (اے پی پی) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سلسلہ میں ہفتہ کی صبح تک 8171 پر ہمیں 6 کروڑ 27 لاکھ 50 ہزار 461 ایس ایم ایس موصول ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو مستحق افراد بھی حکومت سے احساس ایمرجنسی امداد چاہتے ہیں وہ8171 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پیغام کو سوشل میڈیا کے ذریعے مستحقین تک پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ پروگرام سے مستفید ہوسکیں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ادائیگیوں کے مقامات پہ سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ احساس صارفین کی صحت اورتحفظ کو یقینی بنانے کیلئے رقوم کے بائیومیٹرک ادائیگی مراکز اور وہاں قائم کاؤنٹروں کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کا ہجوم نہ جمع ہو تاہم کئی مقامات پر لمبی قطاریں بھی ہیں مگراکثر جگہوں پر ادائیگیاں خوش اسلوبی سے جاری ہیں اورلاکھوں مستحق خاندانوں کواللہ کی مہربانی سے احساس ایمرجنسی کیش کی 12,000روپے فی خاندان امدادی رقوم کی ادائیگیاں باوقار طریقے سیجاری ہیں۔ محنت کش بھائیوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے حکومت پا کستان نے احساس ایمرجنسی کیش کی 8171 ایس ایم ایس سروس کو مفت کر دیا ہے۔ اب پروگرام میں شامل ہونے کیلیئے موبائل بیلنس کے بغیر بھی ایس ایم ایس بھیجا جا سکتا ہے۔ واضح رھے کہ پروگرام پر تیزی سے عمل درآمد کیا جارھا ہے۔پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو فی کس 12000 روپے دئیے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=196680