احساس تحفظ پروگرام ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے بعد اب جلدملک کے16 بڑے ہسپتالوں میں نافذ ہوگا،وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائےسماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر

61

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائےسماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس تحفظ پروگرام ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے بعد اب جلدملک کے16 بڑے ہسپتالوں میں نافذ ہوگا،پاکستان کی ہر تحصیل میں لاکھوں بچوں کے لئے احساس تعلیمی وظائف کی سہولت موجود ہے۔

اتوار کو غربت کے عالمی کے دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں معاون خصوصی نے کہا کہ احساس لوگوں کی زندگیاں بدل رہا ہے، پاکستان کی تقریباََ چالیس فیصد آبادی احساس سے مستفید ہو رہی ہے،اس سال ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کی کفالت جاری ہے،کل20لاکھ خصوصی افرادکو احساس کفالت میں اضافی شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے130سے زائداضلاع میں احساس بلاسودقرض پروگرام 38لاکھ لوگوں کی زندگیوں پر اثرانداز ہوگا،احساس تحفظ پروگرام ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے بعد اب جلدملک کے16 بڑے ہسپتالوں میں نافذ ہوگا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اس مالی سال میں احساس نشوونما کو 15اضلاع سے بڑھا کر ملک گیر سطح پر پھیلایا جا رہا ہے، پاکستان کی ہر تحصیل میں لاکھوں بچوں کیلئے احساس تعلیمی وظائف کی سہولت موجود ہے۔