اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اعلان کیا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے احساس راشن رعایت 8171 ایس ایم ایس سروس19 نومبر تک دوبارہ فعال کر دی جائے گی جہاں پر اہل افراد اس پروگرام کے بارے معلومات حاصل کر سکیں گے،
کم آمدنی والے خاندان جو احساس راشن پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اس سروس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروائیں گے، احساس پروگرام کے تحت دو کروڑ مستحق خاندانوں کو ایک ماہ تک آٹے، دالوں اور گھی کی خریداری پر ایک ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔
پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے 8171 ایس ایم ایس سروس مفت کر دی گئی ہے اور تمام لاگت احساس برداشت کرے گا، کریانہ سٹورز مالکان کو صرف احساس ویب پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروانے کی اجازت ہو گی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ بینیفشریز جب 8171 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گے تو اس کے بعد انہیں پیغام موصول ہو گا کہ آپ احساس راشن رعایت پروگرام کے اہل ہیں اور انہیں اپنی رقم وصول کرنے کا کہا جائے گا یا پھر انہیں بتایا جائے گا کہ آپ اس پروگرام کے حقدار نہیں ہیں یا مزید انسٹرکشن تک انتظار کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 16 نومبر تک تقریباً 149 ملین لوگوں نے رجسٹریشن کروانے کیلئے احساس ویب پورٹل کا وزٹ کیا جن میں سے 40 ملین لوگ اپنا مطلوبہ ڈیٹا جمع کرانے میں کامیاب رہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ احساس نے نیشنل بینک آف پاکستان کے تعاون سے ملک بھر میں کریانہ اسٹورز کے نیٹ ورک کے ذریعے مستفید افراد کی خدمت کیلئے ڈیجیٹل طور پر فعال موبائل پوائنٹ آف سیل سسٹم تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صارف کو 8171 کے ذریعے ایک تصدیقی کوڈ ملے گا جسے کریانہ مرچنٹ ایپ میں داخل کرے گا، ایک شفاف نظام شروع کیا گیا ہے جو اس پروگرام سے متعلق بدعنوانی اور دیگر مسائل کو روکے گا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے دوران21 ہزار دوکانداروں کو اس پروگرام کیلئے رجسٹر کیا گیا ہے،
ملک کے کسی بھی حصے میں کریانہ سٹورز کے مالکان ویب پورٹل کے ذریعے فزیکل ویریفکیشن کے بعد بینک کو اصل بینک اکائونٹ دے کر سبسڈی کی رقم وصول کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عام لوگوں اور دکانداروں کو اس پروگرام سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے مہم شروع کی ہے جبکہ میں خود بھی مختلف شہروں کے دورے کر رہی ہوں۔ معاون خصوصی نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جعلی ایس ایم ایس،
کالز اور احساس سروے کے نام پر سروے ٹیموں سے ہوشیار رہیں کیونکہ اس وقت ملک میں کوئی احساس سروے نہیں ہو رہا، اگر احساس کے نام سے کوئی شخص آپ کے پاس آئے تو اس پر یقین مت کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=282145