احساس پروگرام کااحساس فار سٹوڈنٹ انڈر گریجوایٹ سکالرشپ پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے

695

اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) احساس پروگرام کااحساس فار سٹوڈنٹ انڈر گریجوایٹ سکالرشپ پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے جوکم آمدن والے خاندانوں کے ہونہار طلباء کے لئے شروع کیا جا رہا ہے جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اعلی ٰتعلیم تک رسائی کو وسعت دینے کے لئے ایک بڑا قدم ہے جس کے تحت حکومت اس بات کی خواہاں ہے کہ کوئی طالبعلم مالی اخراجات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔پروگرام کے تحت ہر سال 50 ہزار طلباء کو تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے، چار سال میں اسے سالانہ 2 لاکھ تعلیمی وظائف تک لے جایا جائے گا اور ٹیوشن فیس اور وظیفہ اس میں شامل ہوگا۔ طالبات کے لئے 50 فیصد وظائف مختص کئے جائیں گے اور ضرورت مند اور کم ترقی یافتہ اور دور افتادہ علاقوں کے طلباء کی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ طلباء کے لئے اہلیتی معیارکسی بھی سرکاری شعبہ کی یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلہ رکھا گیا ہے اور خط غربت سے کم آمدن والے خاندانوں کے طلباء کو ترجیح دی جائے گی۔افتتاح کے بعد طلباء http://ehsas.hec.gov.pk پر آن لائن یا مکمل کوائف کے ہمراہ درخواست فارم اپنی متعلقہ یونیورسٹی کے مالی امداد کے دفتر میں جمع کرا سکیں گے۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 دسمبر 2019 مقرر کی گئی ہے۔