اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے غریب اور نادار افراد کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’احساس‘ پروگرام وہ اہم ذریعہ ہے جس کے تحت اس مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ اجلاس میں احساس پروگرام سے متعلق صوبائی کابینہ کو تیسری بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو مدعو کیا گیا تاکہ وہ پنجاب کابینہ کو وفاقی حکومت کے پروگرام احساس سے متعلق بریفنگ دیں۔ یہ احساس پر تیسری صوبائی بریفنگ تھی ، اس سے قبل گزشتہ دس دنوں کے دوران سندھ اور بلوچستان میں بھی احساس پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پنجاب کے تمام صوبائی وزرائ، وزیر اعلی پنجاب کے مشیر، پنجاب کے چیف سیکرٹری،وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری، حکومت پنجاب کے فنانس ، انفامیشن، کلچر اورلاءڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریز، چیئرمین پلانگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب، سینئر میمبر بورڈ آف ریونیو پنجاب، انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس اور وفاقی سیکرٹری برائے غربت کا خاتمہ اور سماجی تحفظ ڈویژن بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم پاکستان کے غریب اور نادار افراد کی فلاح و بہبود کے عزم پر زور دیا اور کہا کہ احساس پروگرام وہ اہم ذریعہ ہے جس کے تحت اس مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔