احساس پناہ گاہوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا ورکشاپ سے خطاب

64

احساس پناہ گاہوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا ورکشاپ سے خطاب

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بدھ کو اسلام آباد میں احساس پناہ گاہ ٹیموں کے ہمراہ جائزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن محمد علی شہزادہ ، ملک ظہیر عباس کھوکھر ، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال اور ایڈیشنل سیکرٹری

PASSD

کیپٹن (ر) سعید احمد نواز بھی ورکشاپ میں موجود تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم نے سخت ہدایات دی ہیں کہ پناہ گاہوں میں آنے والے لوگوں کے ساتھ عزت سے پیش آیا جائے اور خدمت کے معیار ، دیکھ بھال ، حفظان صحت اور صفائی ستھرائی اور خوراک کی مقدار کے ساتھ ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم معیارات کو بہتر بنانے کے لئے مکمل طور پر پُرعزم ہیں اور جلد ہی احساس پناہ گاہوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ متعارف کرائیں گے۔اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ لوگوں سے انتہائی وقار اور عزت کے ساتھ پیش آیا جائے ، احساس پناہ گاہوں کے عملے کو خصوصی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔پانچوں احساس پناہ گاہوں کا انتظامی ، آپریشنل اور مانیٹرنگ عملہ بشمول اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور شفٹ سپروائزر نےورکشاپ میں شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران ان عوامل کا جائزہ لیا گیا جو معیار کو متاثر کرتے ہیں ،کمیوں کا اندازہ لگایا گیا ، اور معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کی گئی۔ نگرانی کے نئے پروٹوکول بھی تیار کئے گئے۔ ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو اب مانیٹرنگ ڈیش بورڈز میں شامل کیا جائے گا اور سخت احتساب ہوگا۔

ورکشاپ نے پناہ گاہوں میں رہائشی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لئے کیٹرنگ کے معیارات کا جامع جائزہ لیا۔احساس کے تحت ملک بھر میں اب تک 22 پناہ گاہیں بنائی جا چکی ہیں۔ یہ پناہ گاہیں "ایک سٹار+ بستر اور ناشتے کی سہولت فراہم کرتی ہیں جن میں کھانا ، ضروری اشیا ، حفظان صحت اور حفاظتی معیارات شامل ہیں۔

ہر پناہ گاہ 400 افراد کو مفت کھانا فراہم کرتی ہے اور رات بھر قیام کے لئے 100 بستروں کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

آئی ٹی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ، معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے فوڈ کیٹرنگ اور رہائش کے لئے بہتر انفراسٹرکچر ، سیکورٹی پروٹوکول ، معیاری صلاحیت ، منظم ایچ آر ، اہلیت کے معیار ، موثر مانیٹرنگ ، ریگولیٹڈ ڈونیشن اور مالی تفصیلات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ پناہ گاہ وزیراعظم عمران خان کے ترجیحی پروگراموں میں سے ایک ہے۔ پناہ گاہیں نہ صرف دیہاڑی داروں کو پناہ دیتی ہیں بلکہ انہیں دو وقت کا کھانا بھی فراہم کرتی ہیں۔