احسن اقبال سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات ، باہمی تجارتی حجم بڑھانے اور مزید شعبوں پر کام شروع کرنے پر اتفاق

75
Ahsan Iqbal
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پرفیسر احسن اقبال سےپاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے ملاقات کی، دونوں رہنمائوں کے درمیان تجارتی اور سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں ترکیہ کے سفیر نے احسن اقبال کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔واضح رہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پرتپاک دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں ممالک سیلاب، زلزلے وغیرہ جیسی آفات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ترکیہ کے سفیر نے زلزلے کے دوران پاکستان کی حمایت کا اعتراف کیا جس میں ترکیہ کے 11 صوبوں کو نقصان پہنچاتھا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر نے ترکیہ کے سفیر کو بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کو ایسے شعبوں کی تلاش کرنی چاہیے جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کی طاقتوں سے فائدہ اٹھا سکیں جس میں تیسرے ممالک کو برآمدی اشیاء کی مشترکہ پیداوار کے ساتھ ساتھ آرٹس اور میڈیا میں ثقافتی تعاون جیسے شعبے شامل ہیں ۔

انہوں نے یورپ کو اشیا برآمد کرنے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز میں صنعت قائم کرنے کے لئے ترکیہ کی مدد پر زور دیا چونکہ پاکستان میں مزدوری کی لاگت ترکیہ کے مقابلے میں کم ہے،دونوں اطراف نے دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف اسلامو فوبک حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ترکیہ کے سفیر نے وفاقی وزیر کو ہائی لیول سٹریٹیجک کوآپریشن کونسل جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان آئندہ اجلاس منعقد کرانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔