اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی فضائیہ کے بروقت، موثر اور جرأت مندانہ ردعمل پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا،یہ صرف طیارے نہیں، یہ ہماری خود داری، قومی وقار اور مادرِ وطن کے تحفظ کی پرواز ہے، جو قوم اپنی سرزمین کی حفاظت کا ہنر جانتی ہو اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے ،اگر دشمن اپنے ناپاک عزائم سے باز نہ آیا تو ہمارا دفاع کرنا نہ صرف ہمارا حق ہے بلکہ فرض بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا کو باور کرا دیا ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں، شجاع پائلٹس اور مسلح افواج کے ہر سپاہی کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593900