اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ہنگری کی یونیورسٹیوں سے سکالرشپ مکمل کرنے والے پاکستانی طالبعلموں پر زور دیا ہے کہ وہ ہنگری میں اپنے تجربے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام میں بہتری کے لئے اپنی تجاویز دو صفحات پر دیں تاکہ ان کو پاکستان کی یونیورسٹیوں میں رائج کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ہنگری میں سکالرشپ مکمل کرنے والے پاکستانی طالب علموں سے خصوصی خطاب میں کیا۔
ہنگری کے لئے اسٹیپینڈیم ہنگریکم کا آغاز 2015 میں 80 اسکالرشپس کے ایوارڈ کے ساتھ کیا گیا تھا جسے 2017 میں ہر سال 200 تک بڑھا دیا گیا۔وفاقی وزیر نے ان طلبا پر زور دیا کہ انہوں نےاپنے اپنے شعبوں میں جو کچھ سیکھا ہے اسے عملی جامہ پہنائیں اور حکومت انہیں مکمل سپورٹ کرتی رہے گی۔ پروفیسر احسن اقبال نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو اپنے متعلقہ شعبوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی تنوع کے تحت استعمال کریں۔
وفاقی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت اسٹیپینڈیم ہنگریکم اسکالرشپس جیسے پروگراموں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی تاکہ ملک کے نوجوان اس سے مستفید ہو سکیں۔واضح رہے کہ 148 پاکستانی طلباء ہنگری کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے روانہ ہونے والے ہیں جن میں ہنگری کی مختلف یونیورسٹیوں سے بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے گریجویٹس شامل ہیں۔