احسن اقبال کی تھر کول مائنز ‘ریلوے لائن منصوبے پرکام تیزکرنے کی ہدایت

160
Federal Minister for Planning Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے تھرکول پاورپلانٹ کوریلوے لائن سے منسلک کرنے کے منصوبے پرکام تیزکرنے کی ہدایت کی ہے وہ بدھ کو تھر کول مائنز کو ریل نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لے رہے تھےاس منصوبے پر وفاقی اور سندھ حکومتیں مشترکہ طور پر عملدرآمد کر رہی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، سیکرٹری توانائی، پاکستان ریلوے کے نمائندوں، سیکرٹری توانائی، حکومت سندھ اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اس منصوبے کو ای پی سی موڈ کے تحت عمل میں لایا جائے گا ،وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے 50 فیصد شیئرنگ پر تعاون شروع کیا جائے گا۔کول مومنٹ آپریشن شروع کرنے کے لئے تھر کول بلاک-II سے نیو چھور ریلوے اسٹیشن تک 105کے ایم ٹریک کو مکمل کرنے کا تخمینہ ٹائم لائن مارچ 2023 ہے۔ بن قاسم ریلوے سٹیشن سے پورٹ قاسم ٹرمینل تک نئی ڈبل لائن کی تعمیر کے ساتھ موجودہ ریلوے نیٹ ورک کے ساتھ تھر کول بلاک-II سے سنگل ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اس منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر نے سیکرٹری توانائی سندھ کو ہدایت کی کہ اپریل، مئی اور جون کے مہینے میں کوئلے کی پیداوار کی تفصیلات کی رپوٹ وزارت کو پیش کریں ‘اسی طرح، وزیر نے سیکرٹری توانائی کو کوئلے کی مکمل ڈیمانڈ کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کیں۔

وفاقی وزیر نے سٹیک ہولڈرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ پاور پلانٹس میں تھر کے کوئلے کے استعمال سے سالانہ 2 ارب ڈالر کی بچت میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ پہلے ہی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں۔