واشنگٹن۔25مئی (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ احسن ایاز اپنی قابلیت کے بل بوتے پر ایک بار پھر پاکستان کو سکواش کے میدان میں بین الاقوامی شہرت سے ہمکنار اور پاکستان کا سر دوبارہ فخر سے بلند کریں گے، ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سفیر نے سکواش کے ورلڈ جونیئر چیمپئن احسن ایاز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے واشنگٹن میں سفارتخانے میں ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ سکواش میں پاکستان نے ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھائی ہے، سکواش ورلڈ جونیئر چیمپئن احسن ایاز موجد ہیں۔ مسعود خان نے احسن ایاز کا سفارتخانہ آمد پرپرتپاک استقبال کیا اور انہیں مبارکباد دی، احسن ایاز نے اب تک 9 بین الاقوامی بڑے ٹائٹل حاصل کیے ہیں۔ ملاقات کے دوران احسن ایاز نے سفیر پاکستان کو امریکا اور بین الاقوامی سطح پر پروفیشنل سکواش کھیلنے کے اپنے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
پاکستان کے سفیر نے احسن ایاز کو سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ مسعود خان نے بین الاقوامی آئیکنز جہانگیر خان اور جانشیر خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دور سکواش میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کے سنہری دور کی یاد تازہ کرتا ہے۔ احسن ایاز نے اس موقع پر کہا کہ ان کے جیتے ہوئے تمام ٹائٹل ہی ان کے لیے اہم ہیں لیکن ورلڈ جونئیر چیمپین شپ کا اعزاز ان کے دل کے سب سے قریب ہے جو انہوں نے پولینڈ میں جیتا تھا۔
اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی اولین ترجیح صرف اور صرف کھیل میں بہتری لانا ہے اور دنیا کے ٹاپ 10 میں شامل ہونا ہے اور اس مقصد کیلئے وہ پوری دنیا کا سفر کرتے ہیں اور بین الاقوامی کوچز کے ساتھ تربیت حاصل کرتے ہیں۔ احسن ایاز 23 سال کے پروفیشنل سکواش کھلاڑی ہیں جنہوں نے 8 سال بعد 2016 میں سکواش جونئیر چیمپئن شپ جیتی ہےجبکہ PSA رینکنگ میں دنیا میں 87 ویں نمبر پر ہے۔