احمدپورشرقیہ۔ 25 جون (اے پی پی):محرم الحرام 2025کے پر امن انعقاد کے سلسلہ میں ڈی پی اومحمد حسن اقبال کی ہدایات پر جامع سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا۔ یکم محرم الحرام سے دس محرام الحرام تک بہاولپور ضلع میں 250جلوس اور 575مجالس عزا منعقد ہونگی۔ضلع بھر میں A کیٹگری کے 07،کیٹگریBکے05اورکیٹگری Cکے 238جلوس برآمد ہونگے ۔ اسی طرح کیٹگری Aکی 01،کیٹگریBکی03اور کیٹگری Cکی 571مجالس منعقد ہونگی۔جلوس و مجالس پر 2300سے زائد پولیس افسران و اہلکاران کے علاوہ 1600وولنٹیرز بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس کے ہمراہ ڈولفن فورس، ایگل اسکوارڈ ، سپیشل برانچ اور ایلیٹ فورس بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو فول پروف رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے، ڈرون کیمرے، جیمرز، سنیفر ڈاگز ،واک تھرو گیٹس، خار دار تار اور سٹیل بیریئرز کا استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس پر مقررہ وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ لائوڈ سپیکر کے استعمال ، وال چاکنگ ، ہیٹ میٹریل ، اشتعال انگیز تقاریر ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 127افراد کی ضلع بندی جبکہ52افراد کی زبان بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران خلاف ورزی اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محرم الحرام کے دوران ٹریفک کو رواں دواں کرنے کے لیے ٹریفک کا علیحدہ سے ڈیوٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔محرم الحرام کے سلسلہ میں جاری کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عمل درآمدہر صورت یقینی بنایا جائے