احمد آباد طیارہ حادثہ بھارتی تاریخ کا دوسرا بدترین فضائی حادثہ قرار،242 مسافر ہلاک

87

احمد آباد۔12جون (اے پی پی):بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ائیر انڈیا کی پرواز کو پیش آنے والا حادثہ بھارت کی تاریخ کا دوسرا بدترین فضائی حادثہ ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایئر انڈیا کی لندن کے لیے پرواز میں عملے کے ارکان اور مسافروں سمیت 242افراد سوار تھے اور طیارہ ٹیک آف کے فورا بعد تباہ ہونے سے تمام مسافر ہلاک ہو گئے ہیں صرف ایک مسافر کے زندہ بچ جانے کی اطلاعات ہیں ۔بھارتی اخبار دکن کیرونیکل کی رپورٹ کے مطابق 37سال قبل 1988میں بھی احمد آباد ایئرپورٹ پر لینڈ نگ کی کوشش کرنے والے طیارے کے حادثہ میں 133افراد ہلاک ہوگئے تھے۔بھارتی تاریخ میں 1958سے لیکر آج تک 2درجن کے قریب بڑے فضائی حادثات پیش آئے ہیں ، جن میں سے بیشتر حادثات ایئر انڈیا کے طیاروں کو پیش آئے ۔

بھارتی تاریخ کا پہلا فضائی حادثہ 25 مئی 1958کو گڑگائوں میں پیش آیاتھا، جس میں نصف درجن سے کم افراد ہلاک ہوئے، مذکورہ طیارہ چھوٹا تھا۔بھارتی تاریخ کا پہلا بڑا فضائی حادثہ جولائی 1962 میں ممبئی ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، جس میں 94افراد ہلاک ہوئے تھے۔بھارت کی تاریخ کا سب سے بڑا اور بدترین فضائی حادثہ 1996میں ریاست ہریانہ کے شہر چرخی دادری کے قریب پیش آیا تھا، جب دو غیر ملکی ایئرلائنز کے طیارے آپس میں ٹکرا گئے تھے۔چرخی دادری میں سعودی ایئر لائن اور قازقستان ایئرلائن کی پروازیں آپس میں ٹکرا گئیں تھیں، جس کے نتیجے میں دونوں طیاروں کے 349مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہوگئے تھے۔ آج احمد آباد ایئرپورٹ پر پیش آنے والے حادثے کو بھارت کا دوسرا بڑا اور بدترین فضائی حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔