اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر ہنگامہ آرائی پر درج مقدمہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے گرفتار سابق ایم پی اے اختر حسین لانگو اور شفیع محمد کو پانچ پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کردیا۔
سماعت کے دوران اختر حسین اور شفیع محمد کو عدالت پیش کیاگیااور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی،جس پر وکیل صفائی ایمان مزاری نے مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ملزمان پر الزام ہے کہ سینٹ لابی میں گھسنے کی کوشش کی،الزام ہے کہ ملزمان مسلح تھے یہ نہیں بتایا گیا کہ اسلحہ کون سا اور کس کے پاس تھا، کہا گیا سینیٹ میں گھسنے کی کوشش کی اس کا مطلب ہے جرم تو ہوا ہی نہیں،پوری ایف آئی آر میں کہا گیا کہ یہ اطلاع ملی کس نے اطلاع دی کوئی پتہ نہیں،وکیل ایمان مزاری نے ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔،پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہاکہ ہم نے تفتیش کرنی ہے کہ یہ ملزمان کیوں آئے،سینٹ میں کیوں جانا چاہتے تھے،
ملزمان ایف آئی آر میں نامزد ہیں اور پہلا ریمانڈ ہے عدالت 25 دن کا ریمانڈ منظور کرے، ملزمان کے وکیل ہادی علی چٹھہ نے کہاکہ کسی کا کوئی رول واضح نہیں ،دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیااور بعد ازاں عدالت نے گرفتار دونوں ملزمان کا پانچ پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالہ کردیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517126