اداروں کی نجکاری کا مقصد ملکی خزانے پر پڑنے والے مستقل بوجھ سے نجات حاصل کرنا ہے، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

85

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اداروں کی نجکاری کا مقصد ملکی خزانے پر پڑنے والے مستقل بوجھ سے نجات حاصل کرنا ہے، اداروں کی نجکاری کا عمل قوانین و ضوابط کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچنا ہے اور کہیں کچھ بھی خلاف ضابطہ نہیں ہوسکتا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے بطور چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے گزشتہ کارروائی کی روشنی میں بہتر اور مختلف حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حالیہ اصلاحات کے بعد پی آئی اے کی نجکاری کا عمل اب زیادہ آسان اور پر کشش بنا دیا گیا ہے جس سے بہتر نتائج کی توقع ہے۔ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے نجکاری کے تمام منصوبوں پر شفافیت کے ساتھ کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے 229 ویں اجلاس میں گزشتہ بورڈ اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی گئی اور مختلف اداروں کی نجکاری کے امور پر غور و خوض کرتے ہوئے اہم سفارشات پیش کی گئیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ڈسکوز کی نجکاری کے لئے وزارت توانائی سے ایک ہفتے میں ضروری امور کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن تمام متعلقہ اداروں کو آن بورڈ لے اور حل طلب امور کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے۔