اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):ادارہ برائے پائیدار ترقی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیراہتمام ”بجٹ کے بعد بجلی کی قیمتوں پر مکالمہ: مالی ترجیحات اور ٹیرف اصلاحات کے اثرات“ کے عنوان سے ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس مباحثے میں توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین اور پالیسی سازوں نے شرکت کی جنہوں نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز خصوصاً بجلی کے نرخوں کے موجودہ نظام پر تفصیل سے گفتگو کی۔ ماہرین نے پالیسی سازی کے عمل میں تمام متعلقہ شراکت داروں کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔
سیشن کی نظامت ایس ڈی پی آئی کے سینئر ریسرچ ایسوسی ایٹ عبیدالرحمٰن ضیاء نے کی جبکہ توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین میں انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز پاکستان (آئی ای ای ای پی) کے صدر طاہر بشارت چیمہ، انرجی اینالسٹ اور صنعت کار ریحان جاوید، سینئر انرجی ایسوسی ایٹ ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر خالد ولید اور ایس ڈی پی آئی کے پروگرام منیجر احد نذیر، یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ان انرجی (یو ایس پی سی اے ایس-ای) کے پرنسپل ڈاکٹر عدیل وقاص، سابق سی ای او پاکستان ٹیکسٹائل کونسل اور اب ایک آزاد کنسلٹنٹ شیخ محمد اقبال شامل تھے۔ ریحان جاوید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں نجکاری کے لیے طرز عمل میں تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کے-الیکٹرک کی نجکاری کے بعد اس کے دائرہ اختیار میں تکنیکی اور خدمات کے شعبے میں بہتری کو سراہتے ہوئے اسے دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے لیے قابل تقلید ماڈل قرار دیا۔ اداروں کو نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ایسی مثبت پیش رفت کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ریحان جاوید نے تجویز دی کہ قومی سطح پر ایسے ٹیرف متعارف کرائے جائیں جو صنعتی شعبے کی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوں جس سے صنعتیں اپنی پیداوار اور آپریشنل منصوبہ بندی موثر انداز میں کرسکیں اور بجلی کی لاگت کی منصفانہ تقسیم بھی یقینی بنائی جاسکے گی۔
انہوں نے نیٹ میٹرنگ کے چیلنجز اور بجلی چوری سے متعلق قواعد و ضوابط کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے موثر قانون سازی اور سخت نگرانی ناگزیر ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں بہتری اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ طاہر بشارت چیمہ نے بجلی کے نرخوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیرف سٹرکچر 1960ء کی دہائی میں تشکیل دیا گیا تھا جس میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ اس وقت ٹیرف سٹرکچر کا بنیادی مقصد بجلی کے بوجھ کو کم کرنا تھا، یہ ایسا مقصد ہے جو آج غیر متعلقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے موجودہ ٹیرف نظام میں اصلاحات ضروری ہیں۔ ٹیرف کا تعین ڈسٹری بیوشن کمپنیز (ڈسکوز)، جنریشن کمپنیز (جینکوز) اور آزاد بجلی پیدا کرنے والے ادارے (آئی پی پیز) کے دائرہ اختیار میں نہیں، یہ کام حکومت کرتی ہے اور اس کی ہی ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ نظام کو وقت کے تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کرے۔ بشارت چیمہ نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سرمایہ کاری بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ان اداروں کو محدود فنڈنگ اور بعض علاقوں میں ناقص آپریشنل کارکردگی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے بجلی کے بلوں سے ٹی وی لائسنس فیس کے خاتمے اور بعض ڈسکوز کے بورڈز کو خودمختار بنانے جیسے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی چوری بڑھنا تشویشناک ہے۔ توانائی کے شعبے کے مسائل کا حل صرف نجکاری نہیں، بلکہ اس شعبے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ایس ڈی پی آئی کے پروگرام منیجر احد نذیر نے توانائی کے غیر موثر استعمال پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ملک میں توانائی کا بڑا حصہ غیر پیداواری مقاصد کے لیے استعمال ہورہا ہے، بجلی کی پیداوار کے لیے روایتی ایندھن کا انحصار ایک سنگین مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے کے موجودہ سٹرکچر کے اہم مسائل بجلی کی پیداوار کے لیے روایتی ایندھن پر انحصار اور گردشی قرض ہیں جس کی وجہ وہ بجلی گھر ہیں جو اپنی عمر پوری کرچکے ہیں مگر اب بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر خالد ولید نے کہا کہ پاکستان میں پیداوار کے لیے بجلی کی طلب میں اضافہ ضروری ہے، سبسڈی نظام میں اصلاحات کی جائیں، خاص طور پر کراس سبسڈی میں جس میں 54 فیصد آبادی کو رعایتی نرخ (پروٹیکٹیڈ ٹیرف) پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں مسابقتی مارکیٹ کے قیام اور بجلی کی خریداری معاہدوں میں اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر عدیل وقاص نےٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سمارٹ میٹرز اور ڈیجیٹائزیشن بجلی کے نظام میں انقلابی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ سمارٹ میٹرز اور خودکار نظام نہ صرف انسانی مداخلت اور بدعنوانی کو کم کر سکتے ہیں بلکہ آپریشنل کارکردگی اور شفافیت میں بھی نمایاں بہتری لا سکتے ہیں۔ شیخ محمد اقبال نے بجلی صارفین کے درمیان کراس سبسڈی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس پالیسی پر نظر ثانی کی جائے تو بجلی کے استعمال کے رجحانات میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔
پینل میں شامل ماہرین نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر جامع گفتگو کی جن میں بجلی کی پیداوار ی لاگت میں اضافہ، زائد پیداواری صلاحیت کے باوجود موثر استعمال نہ ہونا، ٹیرف اصلاحات کی ضرورت اور مالیاتی پالیسیوں کے بجلی کی قیمتوں پر اثرات شامل ہیں۔ انہوں نے اس شعبے میں انتظامی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے شفافیت، شراکت داروں کی شمولیت اور نجکاری کے لیے زیادہ جامع نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔ سیشن کا اختتام پاکستان میں پائیدار اور مساوی توانائی کے مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہوا۔ مباحثے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ صرف مارکیٹ پر مبنی پالیسیوں پر انحصار کافی نہیں، بلکہ ایک متوازن حکمت عملی کی ضرورت ہے جس میں حکومتی نگرانی، پالیسی سپورٹ اور نجی شعبے کی شمولیت ہو۔