39.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومقومی خبریںادارے کی ترقی کے لئے ملازمین محنت، دیانتداری اور لگن کو شعار...

ادارے کی ترقی کے لئے ملازمین محنت، دیانتداری اور لگن کو شعار بنائیں، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

- Advertisement -

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ ادارے کی ترقی، وقار اور نیک نامی کے لئے ضروری ہے کہ تمام ملازمین اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری، محنت اور لگن سے ادا کریں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ملازمین کے جائز حقوق کا مکمل احترام کیا جائے گا جبکہ دیانتدار اور محنتی اہلکاروں کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں انہوں نے نو منتخب نمائندوں سے حلف لیا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں کام کا ایک ایساماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں محنتی اور غیر سنجیدہ ملازمین کے درمیان واضح فرق نمایاں ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ محنتی افراد کی عزت اور پذیرائی کی جائے جبکہ کام میں کوتاہی برتنے والوں کی مناسب حوصلہ شکنی ہو تاکہ ادارے میں کارکردگی کا اعلیٰ معیار قائم ہوسکے۔ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے، ڈاکٹر ناصر محمود نے اعلان کیا کہ ملازمین کی ترقی کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی ) کا اجلاس مئی میں بلایا جائے گا۔

- Advertisement -

دیگر مطالبات پر بھی ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر شیر آصف ستی نے اپنے خطاب میں ملازمین کے حقوق کے تحفظ، ادارہ جاتی بہتری اور باہمی ہم آہنگی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے انتخابی عمل کی شفافیت پر الیکشن کمشنر اور وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملازمین کے دیرینہ مسائل کی نشان دہی کی اور ان کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ شیر آصف ستی نے ملازمین سے دیانتداری اور خلوص نیت سے فرائض سر انجام دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن ہر فورم پر ان کی نمائندہ آواز بن کر مسائل اجاگر کرے گی۔

تقریب کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رانا امجد نے بخوبی انجام دیئے۔تقریب کی ایک خوبصورت جھلک یہ بھی تھی کہ ادارے سے حال ہی میں سبکدوش ہونے والے ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں جسے شرکاء نے بھرپور سراہا۔تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس، سینئر افسران، فیکلٹی ممبران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جو ادارے کے اندر مثبت رجحانات اور باہمی تعاون کے فروغ کا مظہر ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588923

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں