ادا کار ساقی کی برسی کل منائی جائے گی، اظہار قاضی کو بھی بچھڑے 16سال بیت گئے

153
Izhar Qazi

فیصل آباد۔ 21 دسمبر (اے پی پی):450سے زائد فلموں میں کام کرنے اور 20سے زائد ملکی و غیر ملکی زبانوں پر عبور رکھنے والے پاکستان فلم انڈسٹری کے ورسٹائل ادا کار ساقی کی 36ویں برسی کل 22دسمبر بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔ فلم زرقا، لکھ پتی، ناگن، اللہ دین کا بیٹا، ایک دل دو دیوانے، ہزار داستان، پردہ، شہید، وہ کون تھی، میرا گھر میری جنت، میں بنی د لہن سمیت 450سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے فلمسٹار ساقی جن کا اصل نام عبداللطیف تھا نے پی ٹی وی کے ڈراموں دیواریں، جنگل، گردش وغیرہ سے بھی بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔فلمسٹار ساقی کو مسعود رانا اور مجیب عالم جیسے گلوکار متعارف کروانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

مرحوم 22دسمبر 1987کو اپنے مداحوں کو داغ مفارقت دے گئے لیکن ان کا فن آج بھی زندہ ہے اورہمیشہ زندہ و تابندہ رہے گا۔اسی طرح ٹی وی و فلم کے معروف اداکار اظہار قاضی کو بھی ہم سے بچھڑے 16 سال بیت گئے۔اظہار قاضی نے اپنے فنی کیئریئر کا آغاز ٹی وی ڈراموں سے کیاجس کے بعد وہ فلم انڈسڑی میں آگئے جہاں انہوں نے بے شمار فلموں میں کام کیا۔انہیں گائیکی کا بھی شوق تھا۔ بھارتی فلم سٹار امیتا بھ بچن کے ہمشکل ہونے کے باعث وہ فلم بینو ں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔انہوں نے اپنے دور کی تمام ہیروئنز کے ساتھ فلموں میں بطور ہیرو کام کیا جن میں شبنم، انجمن، سبیتا، نیلی، گوری، نادرا، صائمہ، ریما،مدیحہ شاہ، نرگس و دیگر شامل ہیں۔وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ایک معزز گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔

فلمی بحران کے باعث وہ لاہور سے کراچی منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے اپنی تمام تر توجہ اپنے کاروبار کی طرف مبذول کر لی۔وہ 22دسمبر 2007 کو اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا گئے۔\932