لاہور۔15اگست (اے پی پی):ادب فیسٹیول پاکستان کا آغاز17اگست کو ہوگا۔ترجمان الحمرا کے مطابق ادب فیسٹیول پاکستان کا شمار پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونے والے ادبی وثقافتی و سماجی میلوں اور بحث و مباحثوں کے سرفہرست فیسٹیول میں ہوتا ہے۔اس فیسٹیول کا چھٹا ایڈیشن 17اگست 2024کو لاہور آرٹس کونسل الحمرا، محکمہ اطلاعات وثقافت،پنجاب میں سجنے جا رہا ہے۔
ترجمان الحمرا کے مطابق مشہور و معروف دانشور سلیمان فاروقی،یاسر لطیف ہمدانی،سیما عزیز،روشن ظفر،رضا ندیم،رانا سکندر حیات،نادرہ شہباز خان،نسرین محمود قصوری،مجیب الرحمن شامی،ڈاکٹر محمد وسیم،منی ملک،مہناز شجرہ،کامران لاشاری،ڈاکٹر فیصل مشتاق،ڈاکٹر فیصل باری،بسمہ معروف،بیلا رضا جمیل،اطہر طاہر،ڈاکٹر عامرہ رضا،امینہ سید،عایش پتراج،تانیہ ملک،اعتزاز احسن،بشری اعتزاز،علی عثمان قاسمی،محمد امجد ثاقب و دیگر سکالرز فیسٹیول کا حصہ ہیں۔
ترجما ن الحمرا کا کہنا ہے کہ الحمرا ادبی وثقافتی ورثے کو مستحکم بنانے کے لئے مثالی پلیٹ فارم کی شہرت رکھتا ہے جو ادب فیسٹیول پاکستان کو لاہور میں خوش آمدید کہتا ہے۔ادب فیسٹیول پاکستان کی روح رواں امینہ سید نے اپنا ادبی وثقافتی فیسٹیولز کا سفر 2010میں شرو ع کیا تھا۔ادبی و ثقافتی کامیابیوں سے یہ حقیقت عیاں ہے کہ یہ زمین بنجر نہیں محض ہمیں اس میں بیج ڈالنے کی دیر ہوتی ہے اور پھر ادب کی سنہری شاخیں پھوٹتی ہیں،خوب پھل آتا ہے۔لائٹ اسٹون پبلشرکے زیراہتمام 17اگست کو ادب فیسٹیول پاکستان کا آغاز ہوگا۔