اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ قلیل مدت میں ڈریپ کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے موثر حکمت عملی بنا کر آیا ہوں،عوام کی فلاح وبہبود میرا ایجنڈا اور مشن ہے،ادویات کی کوالٹی پر اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ان خیالات کااظہا ر انہوں نے منگل کو اپنی زیر صدارت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت افتخار شلوانی، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان بھی موجود تھے۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ نے وزیر صحت کو بریفنگ دی ۔
وزیر صحت کو ڈریپ کے فنکشن چیلنجز اور کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ندیم جان نے صحت کے شعبے کی بہتری اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم پر زور دیا ۔ انہوں نے کہاکہ قلیل مدت میں ڈریپ کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے موثر حکمت عملی بنا کر آیا ہوں۔ اس مربوط حکمت عملی کی وجہ ڈریپ کی کارکردگی اور ادویات کے نظام میں یقیناً بہتری آئے گی ۔
نگران وزیر صحت نے کہاکہ عوام کی فلاح وبہبود میرا ایجنڈا اور مشن ہے۔ادویات کی کوالٹی پر اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ادویات کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔پاکستان کی مارکیٹ میں بہت پوٹینشل ہے۔ادویات کی برآمدات کو مربوط کاوشوں کے ذریعے دوگنا کیا جا سکتاہے ۔انہوں نے جان بچانے والی ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
ندیم جان نے کہا کہ ملک بھر میں ادویات کی مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ادویات کی مصنوعی قلت کو روکنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام کیلئے صوبوں کے ساتھ ملکر مربوط حکمت عملی تشکیل دیں گے ۔ ڈریپ ادویات کی قلت کو ختم کرنے کیلئے ایک موبائل ایپلی کیشن بھی لانچ کرے گا جس پر عوام اور خوردہ فروش جیو ٹیگنگ کے ذریعے ادویات کی قلت کی شکایت کر سکتے ہیں ۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ایپ کی لانچنگ کو 72 گھنٹے کے اندر یقینی بنایا جائے۔عوام کی شکایات کے ازالے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ادویات کی قلت کو خود مانیٹر کروں گا ۔ ایپلی کیشن کے ذریعے ادویات کی قلت کی شکایت کا سراغ لگایا جا سکے گا ۔ شکایات پر کی جانے والی کارروائیوں کو شکایت کنندہ کی طرف سے دیکھا جا سکے گا ۔