ادویہ سازی کی صنعت کی مجموعی آمدن میں تین گنا اضافہ ریکارڈ

38
pharma industry
pharma industry

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):ادویہ سازی کی صنعت کی مجموعی آمدن میں گزشتہ دہائی کے دوران تین گنا سے زائد کا اضافہ ہواہے ، اس دوران صنعت کی مجموعی آمدن میں 762 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹاپ لائن ریسرچ رپورٹ کے مطابق 2014 کے دوران فارما انڈسٹری کی مجموعی آمدن 247 ارب روپے رہی تھی جبکہ 2024 میں صنعت کی آمدنی 1009 ارب روپے تک بڑھ گئی۔

رپورٹ کے مطابق 2014 کے مقابلہ میں 2015 کے دوران فارما انڈسٹری کی مجموعی آمدن33 ارب روپے کے اضافے سے 280 ارب روپے جبکہ 2016 کے لئے 324 ارب روپے اور 2017 میں مجموعی آمدن 344 ارب روپے رہی ۔ اس طرح 2018 کےلئے ادویہ سازی کی صنعت کا گراس ریونیو 394 ارب جبکہ 2019 میں 455 ارب روپے رہا۔

واضح رہے کہ 2020 میں مجموعی آمدنی 502 ارب روپے رہی ، اسی طرح 2021 کےلئے فارما انڈسٹری کا گراس ریونیو 615 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ2022 میں 90 ارب روپے کے نمایاں اضافہ سے صنعت کا گراس ریونیو 705 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اسی طرح 2023 کے دوران فارما انڈسٹری کی مجموعی آمدن 830 ارب روپے جبکہ2024 کے دوران 1009 ارب روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2014 تا 2024 کے گیارہ سال کے عرصہ میں ادویہ سازیہ کی قومی صنعت کی مجموعی آمدنی میں 762 ارب روپے یعنی 308.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔