اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کو یاد دہانی کرائی ہے کہ اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 23۔2022 جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31دسمبر 2023ہے ۔ الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017کی دفعہ 137کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2022-23مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر2023تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرادیں ۔
سیکشن 137 کے مطابق اثاثہ جات اور واجبات کے گوشواروں کی فراہمی ہر ممبر اسمبلی و سینٹ گذشتہ 30جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے بصورت مجوزہ فارم بی ہر سال 31دسمبر سے پہلے یا 31دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائے گا ۔
سیکشن 137کی ذیلی شق(1) کے تحت کمیشن ایک پریس ریلیز کے ذریعے ہر سال یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام شائع کرے گا۔16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کرانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
اگر کوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137کے تحت گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ سے 120دن کے اندر اس بدعنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کارروائی کرے گا۔اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات/رہنمائی کے ساتھ مقررہ فارم بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد ،متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر ،سینٹ سیکرٹریٹ،قومی وصوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ فارم بی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔