اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش
قائداعظم نہ ہوتے تو برصغیر کے مسلمانوں کی علیحدہ مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوتا،
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ‘ امیر اللہ مروت‘ سینیٹر رحمان ملک‘ ثقلین شاہ بخاری، سینیٹر شبلی فراز کا اظہار خیال
اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) اراکین پارلیمنٹ نے قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر قائداعظم نہ ہوتے تو برصغیر کے مسلمانوں کی علیحدہ مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ قائداعظم کے افکار و نظریات کے مطابق پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی جمہوری مملکت بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ بدھ کو ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ‘ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کرنل (ر) امیر اللہ مروت‘ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک‘ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ثقلین شاہ بخاری اور تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ قائداعظم پاکستان کو ایک ترقی پسند‘ جدید اسلامی ریاست بنانے کے خواہاں تھے۔ کرنل (ر) امیر اللہ مروت نے کہا کہ قائداعظم برصغیر کی عظیم ہستی ہیں۔ اگر قائداعظم محمد علی جناح نہ ہوتے تو ہمارا پیارا پاکستان نہ ہوتا۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کی پاسداری کریں اور ایسا پاکستان بنائیں جس کا خواب قائداعظم محمد جناح نے دیکھا تھا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ قائداعظم نہ ہوتے تو پاکستان نہ ہوتا اور پاکستان نہ ہوتا تو ہم پاکستانی نہ ہوتے۔ پاکستان قائداعظم کے مرہون منت ہے۔ قائداعظم نے اس مملکت اور قوم کو بنانے کے لئے جو اصول وضع کئے ہمیں ان پر چلتے ہوئے پاکستان کو ایک خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہے۔ ان کے وژن کو نظرانداز کرنے سے ہم پاکستان کے حصول مقصد کے قریب نہیں پہنچ سکتے‘ دعا ہے کہ کوئی اچھا بابا رحمت آئے اور ہمارے ملک میں رحمت ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=81994