اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار مستقبل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارتھ آور زمین کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ہفتہ کو ارتھ آور 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ماحول کے تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، آج ارتھ آور کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کی روشنیاں 1 گھنٹے کیلئے بند کی جائیں گی،روشنیاں بند کرنے کا مقصد عوام میں کراہ ارض کے تحفظ کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ عوام ماحولیاتی تحفظ کی اس کاوش میں بھرپور حصہ دار ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہر سال ارتھ آور کے دوران غیر ضروری روشنیاں بند کر کے ماحول دوستی کا عملی مظاہرہ کیا جاتا ہے،ایک گھنٹہ روشنی بند کرنا ثابت کرتا ہے کہ انفرادی اقدامات اجتماعی تبدیلی لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والا ملک ہے، زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نا ہونے کے برابر ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی، زہریلی گیسوں کے اخراج پر قابو اور قدرتی وسائل کا دانشمندانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے،تمام طبقات ماحولیاتی تحفظ کو اولین ترجیح دیں اور پائیدار طرزِ زندگی اپنائیں،اجتماعی کوششوں سے ہم ایک روشن، سرسبز اور خوشحال مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر پاکستان کی ماحولیاتی تحفظ کے لیے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔