عمان۔24اکتوبر (اے پی پی):اردن نے غزہ میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کے لیے اسرائیلی وزرا کے بیان اور کنیسٹ(پارلیمنٹ ) کے ارکان کی طرف سے کی جانے والی اپیلوں کی شدید مذمت کی ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر سفیان القضاۃ نے ان مطالبات کو بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مطالبات ایک ایسی خلاف ورزی ہے جو توسیع پسندانہ، خارجی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے جس پر بین الاقوامی پابندیاں عائد کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں اسرائیلی آباد کاری کے مطالبات غزہ کے خلاف جارحیت جاری رکھنے اور طاقت کے ذریعے نئے حقائق مسلط کرنے کی کوشش میں غزہ کے باشندوں پر خوراک اور ادویات کے داخلے کو روکنے کی اسرائیلی انتہا پسندانہ پالیسی کی توسیع ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرے، خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل پر غزہ کے خلاف اپنی جارحیت روکنے کے لئے دبائو ڈالے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزراء اور کنیسٹ ارکان نے حالیہ دنوں میں غزہ پر قبضے اوروہاں پر اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کے مطالبات کئے۔