اردن کے فرمانروا سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون کومزید مضبوط بنانےکےعزم کا اعادہ

120
Saudi Interior Minister
Saudi Interior Minister

عمان ۔20فروری (اے پی پی):سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی سے عمان میں ملاقات کی ہے۔سعودی وزیر داخلہ نے سعودی قیادت کی جانب سے اردن کے فرمانروا کی صحت اور تندرستی کے ساتھ حکومت اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے سکیورٹی تعاون کومزید مضبوط بنانےکےعزم کا اعادہ کیا گیا۔

بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور سلامتی کے امور میں سٹریٹجک تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس موقع پر اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین ،معاون وزیر داخلہ ڈاکٹر ہشام بن عبدالرحمن الفالح، اردن میں سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں سعودی وزیر داخلہ نے اپنے اردنی ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ سعودی وزیر داخلہ نے خاص طور پر بارڈر سکیورٹی کو مضبوط بنانے، منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے حوالے سے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ میں سکیورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔