اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی مالیاتی بورڈ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی سینئر نائب صدر ارشدداد نے کی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مرکزی مالیاتی بورڈ کے اراکین میں سے مرکزی سیکرٹری مالیات سراج احمد، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل شیر علی ارباب، عاطف خان، جمال انصاری اور نسیم الرحمن شریک ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف کے مالیاتی امور کے حوالے مختلف معاملات پر غور کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے۔ اجلاس میں بورڈ کے سابق رکن و بانی رہنماءنعیم الحق مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کےلئے فاتحہ خوانی اور دعا مغفرت کی گئی۔ مرکزی مالیاتی بورڈ نے منصب سنبھالنے پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری مالیات سراج احمد کو مبارکباد پیش کی اور سابق مرکزی سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق خان کی بیش قیمت خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انکے لئے نیک تمناو¿ں اور خواہشات کا اظہار کیا۔