اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):پاکستان کے سٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اپنا گولڈ میڈل پوری قوم کے نام کر دیا۔سونے کا تمغہ جتنے کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قوم کی دعاؤں سے مجھے عزت بخشی ہے، پیرس اولمپکس کے بعد یہ میرا پہلا مقابلہ تھا جس میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے میں نے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا پاکستانی عوام، اپنے کوچزاور پنجاب سپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب ہی تعریف کے مستحق ہیں۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ میرے آئندہ بڑے ہدف عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے دعا کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا ٹائٹل ہے اور انشاء اللہ میں پاکستان کے لیے اس کو جیتنے کی امید کرتا ہوں۔نوجوانوں کیلئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ محنت کرو کیونکہ محنت کا بدلہ اللہ دیتا ہے،
کھیل ہو یا کوئی اور شعبہ، نوجوان کھلاڑیوں کو پرعزم رہنا چاہیے۔ارشد ندیم کی والدہ نے خوشی کے آنسوؤں کے ساتھ ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فتح کو قوم، افواج پاکستان اور شہداء کے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت پوری قوم کی ہے، ہمیں ارشد پر فخر ہے کہ انہوں نے پاکستان کو عزت دی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603752