راولپنڈی۔1جون (اے پی پی):رکن پنجاب اسمبلی ملک منصور افسر نے پاکستان کے نامور ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی اور سونے کا تمغہ جیتنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم مسلسل پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور ہر میدان میں کامیابی حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔ ارشد ندیم کی یہ شاندار کارکردگی نہ صرف سبز ہلالی پرچم کی عزت و وقار میں اضافے کا باعث بنی ہے بلکہ یہ پوری قوم کے لیے ایک خوشی کا لمحہ ہے۔
ملک منصور افسر نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بن چکے ہیں جو محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ کامیابی کی بلندیوں کو چھو سکتے ہیں۔
ان کی کامیابی نے یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی نوجوان بھی دنیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرتے رہیں گے۔