اسلام آباد ۔ 16 اگست (اے پی پی)چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے ارکان پارلیمان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں شجرکاری پر بھرپور توجہ دیں۔ ہر شخص مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ مری کے دوران گورنر ہاوس مری میں قومی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگانے کے موقع پر کیا۔ سینٹ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ آکسیجن کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ہر شہری درخت لگانے کی مہم میں حصہ لیکر نہ صرف قومی فریضہ ادا کر سکتا ہے بلکہ صدقہ جاریہ کے ذریعے ثواب بھی کما سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو انفرادی طور پر بھی پودے لگانے چاہئیں اور قومی شجرکاری مہم میں بھی بھر پور حصہ لینا چاہئے۔ ملک میں سبزہ اور شادابی بڑھانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں میں ہر شہری اور ادارے شامل ہوں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور سماجی شعبہ پر بھی زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھر پور حصہ لیں انہوں نے کہا کہ تمام پارلیمنٹرینز اپنے اپنے علاقوں میں شجرکاری مہم کی قیادت کریں۔