اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) ارکان پارلیمان نے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہئے۔ پیر کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی طرف اپنی توجہ کرنی چاہئے۔ کشمیریوں کا مسئلہ برسوں سے اقوام عالم کی توجہ کا منتظر ہے۔