ازبکستان کے تجارتی وفد کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ، دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور

3

راولپنڈی۔ 27 جون (اے پی پی):ازبکستان کے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے سفیر علی شیر تخطایف کی قیادت میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ٹیکسٹائل، چمڑے، زراعت، ماہی گیری، کھاد اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع تلاش کرنا تھا۔ ازبک سفیر نے پاکستانی کاروباری طبقے کو ازبکستان کی ابھرتی ہوئی منڈیوں اور سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ وفد میں ازبک چیمبر آف کامرس، ازبک ٹیکسٹائل و لیدر ایسوسی ایشنز اور دیگر نمایاں نجی اداروں کے نمائندگان شامل تھے۔ سفیر علی شیر تخطایف نے ازبک معیشت پر جامع روشنی ڈالتے ہوئے توانائی اور کیمیکل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے۔

انہوں نے فضائی، زمینی اور ریل رابطوں میں بہتری کے ذریعے عالمی سطح پر ازبکستان کی بڑھتی ہوئی رسائی پر بھی زور دیا۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر عثمان شوکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی، دواسازی، ٹیکسٹائل، زراعت، کیمیکل اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔عثمان شوکت نے مشترکہ منصوبہ جات، براہ راست پروازوں، ویزا کے آسان عمل اور شعبہ وار معلومات کے تبادلے جیسے عملی اقدامات کے ذریعے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی تجویز دی۔اس موقع پر آر سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور بڑی تعداد میں ممبران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بی ٹو بی میٹنگز بھی منعقد کی گئیں جن کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا اور شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔