تاشقند ۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان اور ازبکستان نے ٹیکنالوجی، ایجادات اور اقتصادی شراکت داری کے ذریعے کووڈ۔19 کے بعد پائیدارمعاشی بحالی کیلئے قریبی شراکت داری کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے، میڈ ان پاکستان اور میڈ ان ازبکستان کے بینر تلے ازبک۔پاکستان خصوصی تجارتی نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان بینکاری کے شعبہ میں اشتراک کار سے باہمی تجارت کے فروغ میں مزید مدد ملے گی۔ازبک۔پاکستان بین الحکومتی کمیشن برائے ٹریڈ ۔اکنامکس اینڈ سائنٹیفک ٹیکنیکل کوآپریشن (آئی جی سی )کا چھٹا اجلاس بدھ 14 جولائی 2021 کو تاشقند میں منعقد ہوا۔
موصولہ پریس ریلیز کے مطابق آئی جی سی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود اور ازبکستان کے نائب وزیراعظم اور سرمایہ کاری اور غیر ملکی تجارت کے وزیر سردار عمرزکوف نے کی ۔ اجلاس کے دوران فریقین نے ٹیکنالوجی، ایجادات اور اقتصادی شراکت داری کے ذریعے کووڈ۔19 کے بعد پائیدارمعاشی بحالی کیلئے قریبی شراکت داری کی اہمیت پر اتفاق کیا جس کا مقصد متنوع اقتصادی شراکت داری، پائیدار معاشی شرح نمو، سپلائی چین کے نظام میں بہتری اور ماحولیات کے شعبوں کی ترقی ہے۔
فریقین نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بینکاری کے شعبہ میں اشتراک کار سے باہمی تجارت کے فروغ میں مزید مدد ملےگی۔ یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ تین ماہ کے دوران دوطرفہ ترجیحی تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی جو مستقبل میں پاکستان اور ازبکستان کی باہمی تجارت کے حجم کو بڑھانے میں مدد دے گا۔ دونوں ممالک نے میڈ ان پاکستان اور میڈ ان ازبکستان کے بینر تلے ازبک۔پاکستانی خصوصی تجارتی نمائشوں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔ یہ نمائشیں اسلام آباد اور تاشقند میں منعقد کی جائیں گی جن کا مقصد برآمدات میں اضافہ اور ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، چمڑے کی صنعتوں، تعمیراتی سامان تیار کرنے والی ، زرعی صنعتوں اور ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز کے شعبوں میں دونوں ممالک کی بڑی کمپنیوں کے باہمی اشتراک کار کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔
اجلاس کے دوران یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ ازبکستان اور پاکستان کو جوڑنے والا افغان راہداری کا منصوبہ دونوں ممالک کے باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس کے شرکا نے اتفاق کیا کہ اس منصوبہ پر جلد از جلد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت کرنے والے فریقین نے بین الوزارتی کمیشن کے مشترکہ اجلاس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ کاروباری کونسل کے افتتاحی اجلاس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین نے ٹیکسٹائل انڈسٹری، زرعی مشینری کی تیاری، پھلوں اور سبزیوں کی پیکنگ اور پروسیسنگ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ساتھ ساتھ صنعتی تعاون کے فروغ کیلئے شراکت داری کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ توانائی، معدنیات، زراعت، ٹرانسپورٹ، مواصلات، لیبر، تعلیم، سیاحت، سائنس و ٹیکنالوجی، ٹیکنو پارکس، ہائوسنگ و سماجی خدمات، انٹرسٹی اشتراک کار، ثقافت اور نوجوانوں کےا مور کے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ آئی جی سی کے اجلاس میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ زراعت، آئی ٹی، تعلیم اور معدنیات کے شعبوں میں جوائنٹ ورکنگ گروپس تشکیل دیئے جائیں گے۔ ازبکستان کے نائب وزیراعظم اور سرمایہ کاری اور غیر ملکی تجارت کے وزیر سردار عمرزکوف نے پاکستان کی جانب سے ازبکستان کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کی سطح پر دوطرفہ اشتراک کار اور باہمی اقتصادی رابطوں کے فروغ کے حوالہ سے پاکستانی وفد سے اظہار تشکر کیا۔