اساتذہ تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ضروری ہے اساتذہ کو ان کے مینڈیٹ کی فراہمی کیلئے مناسب تربیت فراہم کی جائے، رانا تنویر حسین

176
اساتذہ تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ضروری ہے اساتذہ کو ان کے مینڈیٹ کی فراہمی کیلئے مناسب تربیت فراہم کی جائے، رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اساتذہ تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ضروری ہے کہ اساتذہ کو ان کے مینڈیٹ کی فراہمی کیلئے مناسب تربیت فراہم کی جائے۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن ایچ نائن اسلام آباد میں وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی چھتری تلے نئے تعینات ہونے والے اساتذہ کے لئے دو ہفتے کی انڈکشن ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک ہزار نئے ایلیمنٹری، سیکنڈری اور لیکچررز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، اساتذہ تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یہ ضروری ہے کہ اساتذہ کو ان کے مینڈیٹ کی فراہمی کے لئے صحیح تربیت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کے مستقبل میں سفارشوں کی کوئی گنجائش نہیں، مناسب تربیت کے ساتھ ہی اساتذہ نوجوانوں کی صحیح تعلیم کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دیں گے، قوم کا مستقبل اساتذہ کی کارکردگی پر منحصر ہے،ہمیں اپنا کردار ایمانداری سے پورا کرنا ہے تاکہ ہم ملک کو کامیابی کے راستے پر لے کہ جا سکیں۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر اکرام ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای علی احمد کھرل اور ایف سی ای کی فیکلٹی نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اکرام ملک نے ایف ڈی ای سکولوں اور کالجوں میں نئے آنے والے اساتذہ کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی ایف ڈی ای نے کہا کہ انتخاب کے پورے عمل کے دوران منصفانہ اور شفاف طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔انہوں نے اپنی پریکٹس کو بہتر بنانے، اپنی ملازمت کی ذمہ داریوں کو سیکھنے پر زور دیا جو بالآخر طلباء کے سیکھنے پر مثبت اثر ڈالے گا۔ ڈاکٹر اکرام ملک نے تربیت کے عقلی، مقاصد اور طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ 1000 اساتذہ کی وسیع تربیت کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو اگست 2023 تک جاری رہے گی۔ انہوں نے وقت کی پابندی، لگن اور سب سے بڑھ کر کام کے ساتھ ایمانداری پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے بھی نئے اساتذہ کو مبارکباد دی۔وفاقی وزیر نے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیچر ٹریننگ سنٹر بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ آخر میں پرنسپل ایف سی ای محمد احسان الحق نے طلباء اور فیکلٹی ممبران کی جانب سے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔