اساتذہ کسی بھی معاشرے کے معمار ہوتے ہیں، قابل اساتذہ اپنے طلبا کو ذمہ دار اور مفید شہری بننے میں مدد دیتے ہیں، صدر مملکت

188
President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم اپنی آئندہ نسلوں کی تشکیل میں اساتذہ کے کردار کے اعتراف میں عالمی یومِ اساتذہ منا رہے ہیں، اساتذہ کسی بھی معاشرے کے معمار ہوتے ہیں کیونکہ وہ نوجوان ذہنوں کی پرورش کرتے ہیں، قابل اساتذہ اپنے طلباء میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیتیں اور اخلاقی اقدار پیدا کرکے انہیں ذمہ دار اور مفید شہری بننے میں مدد دیتے ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے عالمی یومِ اساتذہ 5 اکتوبر 2024 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کو اخلاقی اقدار، محبت، رواداری، باہمی احترام اور بھائی چارے کو فروغ دے کر طلباء کی اخلاقی تربیت کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس امر کا ادراک ہے کہ اساتذہ کو تربیت اور پیشہ وارانہ ترقی کے مواقع کے فقدان جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے سرانجام دینے کے قابل بنانے کیلئے ضروری صلاحیتوں سے لیس کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اساتذہ کی بھرتیوں، مسلسل تعلیم و تربیت اور ان کی اسناد کیلئے معیار مقرر کرنے کی ضرورت ہے، اسی طرح تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے لئے نگرانی اور کارکردگی کی جانچ کا جامع نظام بھی ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے اساتذہ کو کام کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی بھی یقینی بنانا ہو گی تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اساتذہ کا علم اور تجربات ہمارا تعلیمی نظام بہتر بنانے میں بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں، ایک مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کیلئے تربیت یافتہ اور باعزت اساتذہ پر مشتمل عملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

صدر نے کہاکہ آئیے، ہم اپنے اساتذہ کو بااختیار بنانے اور انہیں وہ عزت، پہچان اور سہولیات دینے کے عزم کا اعادہ کریں جس کے وہ مستحق ہیں، آئیے ، اساتذہ کی استعدادِ کار بڑھانے اور ان کی پیشہ وارانہ ترقی پر سرمایہ کاری کے ذریعے اپنا تعلیمی نظام بہتر بنانے کا عزم کریں۔