استحکامِ پاکستان پارٹی آزاد کشمیر میں موٹروے، مری ایکسپریس وے کی توسیع اور سیاحتی انقلاب کے لئے پرعزم ہے، انجینئر گل اصغر خان بگھور

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات اور استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) شمالی پنجاب کے صدر انجینئر گل اصغر خان بگھور نے کہا ہے کہ وفاق، پنجاب اور گلگت بلتستان کی سیاست میں اپنا لوہا منوانے کے بعد اب استحکامِ پاکستان پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں بہت بڑا سیاسی سرپرائز دینے جا رہی ہے، ہمارا پارٹی منشور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، جدید ترین صحت کی …

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات اور استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) شمالی پنجاب کے صدر انجینئر گل اصغر خان بگھور نے کہا ہے کہ وفاق، پنجاب اور گلگت بلتستان کی سیاست میں اپنا لوہا منوانے کے بعد اب استحکامِ پاکستان پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں بہت بڑا سیاسی سرپرائز دینے جا رہی ہے، ہمارا پارٹی منشور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، جدید ترین صحت کی سہولیات اور یکساں نظامِ تعلیم کی فراہمی پر مبنی ہے۔بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آئی پی پی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت پر روشنی ڈالی۔ گل اصغر بگھور کا کہنا تھا کہ استحکامِ پاکستان پارٹی نے بہت کم وقت میں ملک کی سیاست میں اپنا ایک اہم مقام بنایا ہے، وفاق اور پنجاب حکومت میں شامل رہ کر عوامی ریلیف کے ایجنڈے پر کام جاری ہے جبکہ گلگت بلتستان میں حالیہ بڑے اور کامیاب ترین جلسوں نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام روایتی سیاست سے ہٹ کر آئی پی پی کی قیادت پر اعتماد کر رہے ہیں، ہماری انتخابی حکمتِ عملی اور عوامی رابطہ مہم دیگر سیاسی جماعتوں سے کہیں زیادہ متحرک اور جاندار ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے لئے پارٹی کے ترقیاتی وژن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مظفر آباد کو میرپور سے موٹروے کے ذریعے منسلک کیا جائے گا جبکہ مری ایکسپریس وے سے آزاد کشمیر کو ملانے والی سڑک کو دورویہ کیا جائے گا تاکہ سفری سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔آزاد کشمیر میں سیاحت کا فروغ استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کے دل کے بہت قریب ہے، ہماری پارٹی کے منشور میں سیاحت کو باقاعدہ انڈسٹری کا درجہ دینا پہلی ترجیح ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کا جال بچھانا، تعلیمی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ہیلتھ سیکٹر کو بہتر بنانا ہمارے بنیادی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور کسی بھی ایک جتھے کے کہنے پر انتخابی تاریخ تبدیل نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کے لئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔مظاہرین اور حکومت کے مابین معاملات پر بات کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مجموعی طور پر 38 میں سے 37 نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا اور انہیں منظور کر لیا گیا ہے تاہم نشستوں کا خاتمہ ایک خالصتاً آئینی معاملہ ہے جو کسی صورت بھی ڈنڈے کے زور یا احتجاج سے حل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پہلے بھی مظاہرین کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت یہ معاملہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کو بھجوایا گیا تھا جسے عدالت نے روک دیا کیونکہ ایسے معاملات صرف اور صرف آئینی و قانونی طریقے سے ہی پایہ تکمیل تک پہنچ سکتے ہیں، امید ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ترقی اور استحکام کے سفر میں آئی پی پی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔