استعفوں کی ڈیڈ لائن دیکر پی ڈی ایم سردیوں کی چھٹیوں پر چلی گئی

60
حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصل آباد سمیت صوبہ بھرمیں سینکڑوں سستے رمضان بازار قائم کئے ہیں ، میاں فرخ حبیب
حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصل آباد سمیت صوبہ بھرمیں سینکڑوں سستے رمضان بازار قائم کئے ہیں ، میاں فرخ حبیب

فیصل آباد۔31جنوری (اے پی پی):پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا کہ استعفوں کی ڈیڈ لائن دیکر پی ڈی ایم خود سردیوں کی چھٹیوں پر چلی گئی اور31 جنوری تک پی ڈی ایم کا وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی پورا ہوا نہ ہوگامگرحکومت قائم لیکن پی ڈی ایم خود ڈیڈ ہو گئی ہے جبکہ حلوہ کھانیوالے پیزا نہیں کھاسکتے لہٰذا دوسروں کو یو ٹرن کے طعنے دینے والے مولانا فضل الرحمن نے اب خود بھی یو ٹرن لیا اور سینٹ الیکشن کاحصہ بننے کا اعلان کر دیااسلئے بلا جواز جلسے جلوس کرکے کورونا پھیلانے والی اپوزیشن کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔اتوار کے روز سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران جس میں صوبائی وزیر کالونیز میاں خیال احمد کاسترو، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری لیبر پنجاب شکیل شاہد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے جس کے قائدین اور اس میں شامل جماعتوں کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ایک ہی ایجنڈا این آر او لیناہے مگر عمران خان نے نہ این آر او دینا ہے اور نہ ہی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا، بلاول اورمریم کا عوام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ان کا تعلق بائیس انکوائریز سے ہے جس سے اب وہ بچ نہیں سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ساری زندگی مفادات اور لوٹ مار کی سیاست کی کیونکہ انہیں عوام کو استعمال کرنے کے ہنر یا لوٹ مار کے علاوہ کوئی فن نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ ان افراد نے نہ صرف خود ملک کو لوٹا بلکہ ان کے پروردہ افراد و افسران بھی اداروں کو لوٹنے میں کسی سے پیچھے نہ رہے اس طرح ملک کا بچہ بچہ مقروض اور یہ خاندان اربوں پتی بن گئے۔انہوں نے کہا کہ ملکی اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچانیوالی یہی اپوزیشن جماعتیں ہیں جن کے لوگ منی لانڈرنگ میں ملوث اور اداروں کی تباہی کے ذمہ دار ہیں لہٰذا یہ کس منہ سے فارن فنڈنگ کی بات کرتے ہیں ان کے تو اپنے لوگ بتارہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن نے کن کن ممالک سے فنڈز لئے اور کس مقصد کیلئے لئے۔انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کی شکل میں ان کی فراڈ شیٹ سامنے آ چکی ہے۔میاں فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر کاکہنا ہے کہ براڈ شیٹ کے ٹی او آرز پر ان سے مشورہ نہیں کیا گیا جو حیران کن بات ہے اسلئے ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کبھی چور ڈاکو سے بھی اس کی پسند کے انکوئری افسر بارے پوچھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف نے ان کو 2 دفعہ این آر او دیالیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کے یہ مخالف ہیں حالانکہ چھانگا مانگا،بندوق کی سیاست کے یہ لوگ خالق ہیں جنہوں نے ماضی میں منڈیاں لگائیں اورضمیروں کے سودے کئے اسی لئے اب انہیں ڈر ہے کہ اگر سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت ہوگا تو وہ کیسے ہارس ٹریڈنگ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات سمیت اگر اوپن بیلٹ انتخابی اصلاحات میں اپوزیشن کے لوگ سنجیدہ ہیں تو انہیں حکومت کی حمایت کرنی چاہئے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ کے سابقہ ادوار میں لئے گئے قرضے موجودہ حکومت ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عام آدمی کی بات کرتے ہیں اسی لئے صحت انصاف کارڈ،کامیاب نوجوان پروگرام، ہاؤسنگ منصوبہ سمیت عوامی ریلیف کے دیگر اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو صرف مشینری کا قبرستان بنادیا گیالیکن اب حکومتی اقدامات سے نہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر اپنی فل کپیسٹی پر چل رہا ہے بلکہ ٹیکسٹائل برآمدات میں ریکارڈ اضافہ بھی ہورہا ہے جس کے ساتھ ساتھ سٹاک مارکیٹ میں تیزی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کومہنگائی کا احساس ہے جس میں کمی کیلئے وزیر اعظم نے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں اور انشا اللہ بہت جلد مہنگائی پر قابو پالیا جائے گا۔