استنبول۔23جنوری (اے پی پی):ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ استنبول میں او ای سی ڈی دفتر کا قیام ترکی کو عالمی مرکز کی جانب آگے بڑھائے گا ۔ ترک نشریاتی ادارے کے مطابق استنبول میں اقتصادی تعاون و ترقیاتی تنظیم او ای سی ڈی کے استنبول میں دفتر کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ہم استنبول کو عالمی تنظیموں کے اعتبار سےکسی مرکزی مقام کی حیثیت دلانے کے ہدف کے مزید قریب پہنچ چکے ہیں۔ استنبول کو اقوام متحدہ سمیت عالمی تنظیموں کے لحاظ سے کسی مرکزی مقام کا درجہ دلانے پر مبنی ہمارے اہداف کی جانب ہم مزید ایک قدم آگے بڑھے ہیں۔ او ای سی ڈی کا استنبول دفتر اس تنظیم کے امور کو مزید وسعت دینے میں خدمات فراہم کرے گا۔اس سلسلے میں استنبول کا مرکزی دفتر تنظیم کے مشترکہ ممالک کو حکمت عملی خدمات فراہم کرے گا اور غیر رکن ممالک کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری تعلقات کو تقویت دینے کے لیے کوششیں صرف کرے گا۔۔