استور۔ 05 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنراستور محمد طارق کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر شونٹر تنویر احمد کے زیر صدارت سب ڈویژن شونٹر کے تمام ڈویلپمنٹ سکیموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر شونٹر تنویر احمد نے کی اجلاس میں محکمہ تعمیرات عامہ کے ایس ڈی او غلام حسین سمیت تمام سائیڈ انجينئر نے شرکت کی۔
اجلاس میں سب ڈویژن شونٹر بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر شونٹر تنویر احمد کو بریفنگ دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر تنویر احمد نے ہدایت کی کہ سب ڈویژن شونٹر میں جاری تمام پراجیکٹس کی مقررہ وقت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔علاقائی منصوبے عوام کی خدمت اور انکی مشکلات دور کرنے کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ سب ڈویژن شونٹر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے تعمیراتی کام کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائیگا ۔
اسسٹنٹ کمشنر تنویر احمد نے متعلقہ محکمہ کے ایس ڈی اوز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں میں بہترین کوالٹی کا میٹریل استعمال کیا جائے اور جلد از جلد زیر تعمیر ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592688