استور ،02 مئی (اے پی پی):آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام ہفتہ حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے ایک پُروقار تقریب گرلز ہائر سکینڈری سکول عیدگاہ میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق تھے، جبکہ عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے مسٹر لو ڈی جینگ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں سماجی شخصیات, عمائدین علاقہ, محکمہ صحت کے اعلیٰ عہداران , عالمی ادارہ صحت کے علاقائی نمائندے اور کثیر تعداد میں بچوں کے والدین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استور نے کہا کہ محکمہ صحت نےبچوں کو سات قسم کی بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کے حوالے سے ہفتہ حفاظتی ٹیکہ جات کا آغاز کر دیاہے۔
ڈپٹی کمشنر استور نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ بچے تندرست رہیں اور ایک تندرست معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے،انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو سے لیکر دیگر حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کردار بڑا شاندار رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر استور نے شاندار تقریب کا انعقاد پر آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے ایریا منیجر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور شاباش دی،اس سے پہلے عالمی ادارہ صحت کا پاکستان میں نمائندے مسٹر لو ڈی جینگ کا استور آمد پر ڈپٹی کمشنر استور نے استقبال کیا اور روایتی شال اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591245