اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار شاہد عثمان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی چینی کی کمرشل اور گھریلو الگ الگ قیمتوں کے تعین کے لئے 17 اپریل تک کام مکمل کرلے گی۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں صنعت و پیداوار کے وزیر مملکت شاہد عثمان نے بتایا کہ گزشتہ سال دسمبر کے مقابلہ میں رواں مالی سال دسمبر میں کچھ شعبہ جات میں پیداوار میں کمی ہوئی۔
اس میں شوگر اور فرٹیلائزر کا سمیت دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔تعمیراتی کمپنیوں کی پیداوار میں کمی کی وجہ پالیسی ریٹ کا زائد ہونا تھا اب حکومت نے اس میں 10 فیصد کمی کی ہے، آئندہ 6 ماہ میں اس میں بہتری آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ فرٹیلائزر پر سبسڈی کی معلومات نہیں ہیں۔
چینی کے حوالے سے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم ہے۔ہم نے یہ پالیسی بنائی ہے کہ گھریلو اور کمرشل استعمال کے لئے چینی کے الگ الگ نرخ مقرر کئے جائیں اس حوالے سے کمیٹی کام کررہی ہے اور 17 اپریل تک اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔اس سے چینی کی قلت کا معاملہ حل ہوسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575069